Faisaliat- فیصلیات

همارا نیا نوکیا -١

Posted in Computing, urdu by Shah Faisal on اگست 7, 2008

صاحبو یہ تو آپ یقیناً جانتے ہی ہیں کہ خاکسار کس قدر سُست الوجود ہے اور نہیں جانتے تو میری بیگم سے پوچھ لیجئے۔ لیکن یقین کیجئے میری زندگی میں دو ادوار ایسے گزرے ہیں جب زندگی گھڑی کی سوئیوں پر تھرکتی تھی۔ پہلا دور تو وہ چار برس تھے جو کیڈٹ کالج کوہاٹ میں گزرے اور پھر لگ بھگ وہ دو سال تھے جب خوشحالی بنک کی ملازمت کی۔ یہ 2001 کا ذکر ہے جب زندگی کی پہلی نوکری لگی تھی۔ نوکری کی نوعیت ایسی تھی کہ جیب میں ہر وقت ڈیجیٹل ڈائری رہتی تھی۔ اس سے میں گھڑی، کیلکولیٹر، کیلنڈر، الارم، فون ڈائری کا کام بیک وقت لیتا تھا اور یہ میری بڑی اچھی رفیق تھی۔ مجھے سوزوکی جیب ملی ہوئی تھی اور میں اور میرا نوجوان ڈرائیور قیوم مل کر ڈیرہ اسماعیل خان کے نئے نئے دیہات اور نئے نئے راستے دریافت کرتے تھے۔ یہ مہم جوئی کی عادت اسوقت بڑی کام آئی جب پشین میں پوسٹنگ کے دوران برساتی نالوں سے گزر کر جانا پڑتا تھا کہ پختہ یا کچی سڑک کی بھی، عیاشی بلوچستان میں کم کم ہی ہے۔ خیر اس نوکری کے بعد ایسا دور کم ہی آیا جب اتنی تفصیلی ٹائم مینیجمنٹ کی ضرورت پڑی ہو۔

بہرحال وقت بدل گیا اور موبائل فون عام ہو گئے۔ مجھے نت نئے موبائل فون خریدنے کا بالکل شوق نہیں اور جب لوگ بڑے فخر سے اپنے فون کی خصوصیات بتاتے ہیں مثلاً موسیقی یا کیمرہ وغیرہ تو مجھے ہنسی آتی ہے۔ فوٹوگرافی کا شوق ہو تو بندہ کچھ پیسے خرچ کر کے کوئی اچھا سا ڈی ایس ایل آر کیمرہ لے لے اور موسیقی کا شوق ایم پی تھری پلیئر سے پورا کر لے۔ فون تو فون ہی رہتا ہے اور یہ بھی سچ کہ چند دنوں کے شوق کے بعد شائد ہی کوئی فون کی ان خصوصیات کا باقاعدگی سے استعمال کرتا ہو۔

بہرحال میں کافی عرصے سے فون کے ہمراہ ایک پی ڈی اے (جو مخفف ہے پرسنل ڈیجیٹل اسسٹنٹ کا اور جسے آپ ڈیجیٹل ڈائری کی ترقی یافتہ شکل کہہ سکتے ہیں)، لینے کا سوچ رہا تھا لیکن جیب میں دو دو چیزیں  لیے پِھرنا خاصا دشوار کام ہے۔ اسلئے فیصلہ کیا کہ سمارٹ فون یا پی ڈی اے فون لے لیا جائے کہ جو دونوں کام کر سکتا ہو۔ کچھ تحقیق کی تو پتا چلا کہ یہ فیصلہ کہ کونسا لیا جائے خاصا مشکل ہے  کہ مارکیٹ میں بہت سی اقسام کے سمارٹ فون دستیاب ہیں۔ مثلاً نوکیا کے این سیریز فون ہیں (نوکیا انھیں ملٹی میڈیا کمپیوٹر کہتی ہے کہ ان میں اعلی پائے کی صوتی و بصری یعنی آڈیو اور وڈیو خصوصیات ہوتی ہیں)۔ پھر نوکیا کے ای سیریز فون ہیں کہ جو بزنس ماڈل شمار ہوتے  ہیں۔ ایسے فون بنانے والے دوسرے مشہور برانڈ ایچ ٹی سی، سام سنگ، رِم بلیک بیری، پام، سونی ایریکسن، موٹورولا وغیرہ ہیں۔ ایپل کا آئی فون بنیادی طور پر ایک انٹرٹینمنٹ فون ہے جسکا ثبوت اسکی بڑی سکرین اور آئی پاڈ سے ملتی جلتی خصوصیات ہیں گرچہ  اسکے نئے ماڈل میں اضافی خصوصیات شامل کر کے اسے بزنس فون کے طور پر متعارف کرنے کی پوری کوشش کی گئی ہے اور شائد اسمیں ایپل کو کامیابی بھی ہوئی ہو۔ چند مشہور برانڈ مثلًا او ٹُو، آئی میٹ، ڈوپوڈ وغیرہ ایچ ٹی سی، سے ہی اپنے  کچھ فون بنوا کے اپنے نام سے فروخت کرتے ہیں۔

جس طرح کمپیوٹر کو استعمال کرنے کیلئے ایک آپریٹنگ سسٹم کی ضرورت پڑتی ہے مثلاً ونڈوز یا لینکس، اسی طرح آپکا فون بھی آپریٹنگ سسٹم کے بغیر بیکار ہے گرچہ آپکا اس سے براہ راست واسطہ کم ہی پڑتا ہے۔ اسوقت دنیا میں جو مستعمل سسٹم ہیں ان میں سب سے مشہور تو سمبیان ہے، جو عموماً نوکیا اور سونی ایرکسن فون میں پایا جاتا ہے۔ نوکیا نے لینکس استعمال کرنے والے فون بھی بنائے ہیں، جبکہ موٹورولا کافی عرصہ سے لینکس ہی استعمال کر رہا ہے، سنا ہے کہ گوگل کا انڈرائڈ نظام بھی لینکس ہی ہو گا (گرچہ مجھے پورا علم نہیں)، جبکہ اوپن موکو کے نام سے بھی تجربات جاری ہیں۔ اسکے بعد آپکا جانا پہچانا ونڈوز نظام ہے جسکی فون میں مستعمل قسم کو ونڈوز موبائل کہا جاتا ہے۔ آئی فون، پام اور بلیک بیری اپنا الگ الگ نظام استعمال کرتے ہیں، گرچہ یہ سب بھی شائد لینکس کی ہی اقسام قرار دی جا سکتی ہیں۔ ایک صارف کے طور پر آپ کو کم ہی فکر ہونی چاہیے کہ آپکا فون کونسا نظام استعمال کرتا ہے۔ اصل مقصد تو وہ کام ہیں جو آپ اپنے فون سے لینا چاہتے ہیں۔میرے زیر نظر کچھ یہ عوامل تھے:

بطور فون عمومی خصوصیات مثلا آواز کی کوالٹی وغیرہ

ای میل خصوصاً پُش ای میل

انٹرنیٹ بذریعہ وائرلیس لین یا وائی فائی

پرسنل انفارمیشن مینیجمنٹ کی اعلی خصوصیات یعنی کیلنڈر، نوٹس، فون ڈائری، وغیرہ

ذاتی کمپییوٹر/ پی سی میں موجود پم مثلاً مائکروسوفٹ آوٹ لک کے ساتھ معلومات یا ڈیٹا کی ترسیل یعنی سنکرونائزیشن

دفتری فائلوں مثلا ایم ایس ورڈ، ایکسل، ایڈوبی پی ڈی ایف، وغیرہ کو پڑھنے، لکھنے اور ترمیم کرنے کی صلاحیت

مکمل کی بورڈ یعنی ایسا کی بورڈ جیسا آپکے کمپیوٹر میں ہے، کچھ مثالیں یہاں دیکھ لیں

سکرین کا سائز اور کوالٹی، دھوپ میں نظر آنے کی صلاحیت

فون کا حجم ، وزن، ظاہری شکل، ٹھوس پن وغیرہ

بعد از فروخت سروس اور برانڈ کا عمومی تاثر، استعمال شدہ فون کی مارکیٹ میں قدر وغیرہ

ڈیٹا ٹرانسفر کے متفرق طریقے مثلاً تار یا بلیو ٹوتھ

قیمت (یقینا یہ ایک اہم نکتہ ہے)

یاداشت/ میموری میں اضافے کی صلاحیت

فون کے استعمال کی آسانی (آئی فون غالبًا سب سے نمبر لے گیا ہے لیکن سمبیان پر چلنے والے فون عموما ونڈوز والوں سے آسان اور سہل خیال کیے جاتے ہیں)

متفرق خصوصیات مثلا کیمرہ، موسیقی، جی پی ایس کی موجودگی

مارکیٹ میں دستیاب سوفٹویر اپلیکیشنز/ اطلاقیوں کی تعداد اور انکی قیمت۔ یہ آپکے فون میں اضافی خصوصیات پیدا کرتے ہیں

آپ یقینا سوچ رہے ہوں کہ ایک فون کیلئے اتنا جنجھٹ کیوں لیکن جیسا کہ پہلے عرض کیا کہ میں ان لوگوں میں سے نہیں جو آئے دن اپنے فون تبدیل کرتے رہتے ہیں۔ میرے نزدیک اس قسم کی ذاتی استعمال کی اشیا کا آپ سے خاص تعلق بن جاتا ہے جوغالبا دونوں کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے۔ بہر حال بات کافی لمبی ہو گئی ہے۔ اسلئے اس بات کو کہ میں نے کونسا فون لیا، اگلی قسط پر چھوڑتے ہیں۔عنوان سے تو آپکو پتہ چل ہی گیا ہوگا کہ یہ نوکیا ہی ہے، باقی ذرا سسپنس رہنے دیں. اسکے علاوہ یہ بھی انشااللہ بتاونگا کہ کونسے فون میری نظر میں تھے اور ایک کو باقیوں پر ترجیح دینے کی کیا وجوہات تھیں، شائد آپکو بھی اپنا فیصلہ کرنے میں آسانی ہو۔

 

14 Responses

Subscribe to comments with RSS.

  1. انسان said, on اگست 8, 2008 at 2:14 شام

    معلومات میں اضافہ ہوا

  2. abushamil said, on اگست 8, 2008 at 2:30 شام

    بہت معلوماتی پوسٹ ہے۔ اب تو اوبنٹو بھی اس میدان میں کود چکا ہے۔
    http://www.ubuntu.com/products/mobile

  3. بدتمیز said, on اگست 8, 2008 at 3:47 شام

    یہ خیال تو غلط ہے کہ کچھ عرصہ بعد شائد ہی کوئی ان فیچرز کو استعمال کرتا ہو کیونکہ اگر لوگ استعمال نہ کریں تو کمپنیاں ایسی مصنوعات ہی نہ بنائیں۔ بلکہ اب تو موبائل فونز کے خاص میوزک ایڈیشن لانچ ہوتے ہیں۔ جب کبھی بندہ بور ہو رہا ہو اور کسی بھی چیز تک رسائی نہ ہو تب ایسے فون کی بہت قدر ہوتی ہے۔ خاص طور پر دوران سفر۔ موبائل کیمرہ بھی بہت اہم بن چکا ہے کیونکہ کیمرہ تو ہر وقت گلے میں لٹکائے نہیں‌ پھرا جا سکتا۔ ڈے ٹو ڈے لائف میں بہت سی تصاویر موبائل سے ہی ممکن ہیں۔ اور ایسی جگہوں‌ پر بھی جہاں آپ متوجہ کئے بغیر تصویر لینا چاہتے ہوں۔
    ڈیجیٹل ڈائری تو میرے پاس بھی پڑی پڑی سیل ختم ہو گئے ایک دفعہ بھی استعمال نہیں کی۔ لہذا خود اندازہ لگائیں کون زیادہ سست ہے۔
    دھوپ میں نظر آنے کی خاصیت سب سے اہم ہے۔ قیمت سے بھی زیادہ اہم۔ میرا سیل فون اور میرا لیپ ٹاپ دونوں کا ڈسپلے انڈور اتنا زبردست ہے لیکن دھوپ میں کچھ نظر نہیں آتا۔ لہذا کوئی فائدہ نہیں۔
    مجھے سوائے نوکیا کے کبھی کوئی فون پسند نہیں آیا لیکن یہاں نوکیا فون کیرئیر کے ساتھ فری نہیں‌ ملتے۔ دوسرے جو چیز نوکیا اگر 1000 ڈالر میں دے تو باقی لوگ 500 ڈالر میں‌ دیتے ہیں۔ پھر بھی نوکیا ہی بہترین ہے۔
    آپ کی منتخب کردہ خصوصیت کی بنا پر نوکیا این سیریز تو مکمل طور پر باہر ہے۔ ایک آدھ موبائل ہو بھی کی بورڈ کے ساتھ تو میرے علم میں‌ نہیں کہ وہ انٹرنیٹ براوزر ایچ ٹی ایم ایل کے ساتھ سپورٹ کرتا ہے۔ صرف ای سیریز ہی ہے یا پھر کمیونیکٹر۔ کمیونیکٹر کا ڈیزائن اسی مذکورہ ڈیجیٹل ڈائری جیسا ہے اور چانس ہے کہ وہ لیا ہو۔ کمیونیکٹر ویسے تو بہت مہنگا ہے اور جیسے آپ سادگی پر زور دیتے ہیں تو وہ بھی باہر۔ رہے نام اللہ کا۔
    ای سیریز میں ای 70 کا ڈیزائین بچوں والا ہے۔ ہوپ وہ نہیں‌ لیا۔ تو پیچے بچے ای 61 اور ای 71۔ تو میرا خیال ہے ای 61 لیا ہو گا کیونکہ اس کی سکرین ای 71 سے بڑی ہے۔ اگر ای 71 لیا ہے تو پھر آپ نے وقت پر دونوں‌ کو ایک ساتھ رکھ کر کمپئیر نہیں کیا ہو گا۔
    جو بھی لیا ہو بہت بہت مبارک ہو۔

  4. […] میرے پاس آخری تحریر فیصل کی ہے، موضوع ہے: “ہمارا نیا نوکیا“۔ یہ ایک بے حد معلوماتی تحریر ہے جس میں فیصل نے اپنے […]

  5. ڈفر said, on اگست 20, 2008 at 4:00 شام

    مجھے کیا پتہ تھا کہ موبائل میں یہ سب بھی ہوتا ہے؟

  6. کاشف said, on اگست 30, 2008 at 7:46 شام

    السلام علیکم

    یہ یقیناً نوکیا ای سیریز میں سے ہی کوئی موبائل ہوگا۔ لیکن اس قسم کے موبائل بلحاظ قیمت مہنگے ہی ہوتے ہیں۔

  7. Yasir Imran said, on ستمبر 25, 2008 at 4:38 صبح

    آپ HTC کا کوءی PDA کیوں نیی لے لیتے
    check this link
    http://www.htc-shop.net

    I think this support what you are looking for

  8. Shah Faisal said, on ستمبر 28, 2008 at 1:30 صبح

    شکریہ عمران
    ویسے یہ نوکیا ہی ہے جو میرا انتخاب بنا لیکن بہر حال ایچ ٹی سی بھی کم نہیں۔

  9. Roghani said, on اکتوبر 2, 2008 at 6:13 صبح

    بھائی عید مبارک ہو !

    ارے بھائی آپ نے تو انتظار بہت طویل کردیا ! اب بتا بھی دیں کہ کونسا سیٹ خریدا اور ہاں جو خریدا اس مین وہ سب خصوصیات موجود ہیں جن آپ نے اوپر ذکر کیا ہے ؟

  10. Woli said, on اکتوبر 3, 2008 at 10:15 شام

    Very informative, thank you.

  11. اگست 2008 کے بلاگ said, on جنوری 9, 2009 at 6:36 صبح

    […] میرے پاس آخری تحریر فیصل کی ہے، موضوع ہے: "ہمارا نیا نوکیا"۔ یہ ایک بے حد معلوماتی تحریر ہے جس میں فیصل نے اپنے […]

  12. اگست 2008 کے بلاگ said, on جنوری 10, 2009 at 10:42 صبح

    […] میرے پاس آخری تحریر فیصل کی ہے، موضوع ہے: “ہمارا نیا نوکیا“۔ یہ ایک بے حد معلوماتی تحریر ہے جس میں فیصل نے اپنے […]

  13. […] بارے آپ یہاں اور یہاں پڑھ سکتے […]

  14. […] میرے پاس آخری تحریر فیصل کی ہے، موضوع ہے: “ہمارا نیا نوکیا“۔ یہ ایک بے حد معلوماتی تحریر ہے جس میں فیصل نے اپنے […]


جواب دیں

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

آپ اپنے WordPress.com اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ /  تبدیل کریں )

Twitter picture

آپ اپنے Twitter اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ /  تبدیل کریں )

Facebook photo

آپ اپنے Facebook اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ /  تبدیل کریں )

Connecting to %s

%d bloggers like this: