اینڈرائڈ کی دنیا میں خوش آمدید
صاحبو فدوی ایک عرصہ سے آزاد مصدر یعنی اوپن سورس سوفٹویر کا شیدائی ہے۔ بات صرف کمپیوٹر تک محدود نہیں بلکہ موبائل فون اور کیمروں تک کی ہے۔ اس سلسلے میں ایک ہلچل تو اسوقت مچی جب گوگل نے اینڈرائڈ کا اعلان کیا، گرچہ اب نوکیا کا نظام سیمبین بھی آزاد مصدر ہی ہے۔ کہنے والے کہتے ہیں کہ ڈیڑھ سال میں انڈرائڈ نے جتنی ترقی کی ہے وہ حیرت انگیز ہے۔ یہ بات یقیناً درست ہے کیونکہ اگر آپ اینڈرائڈ نظام پر چلنے والے فون دیکھیں تو آپکو اس فہرست میں ایچ ٹی سی، موٹورولا، ایل جی، سیم سنگ جیسے بڑے بڑے نام نظر آئیں گے۔ اگرچہ نوکیا نے بھی ایک زمانے میں مائیمو (جو کہ انڈرائڈ کی طرح لینکس کی ہی ایک قسم ہے) پر چلنے والا مشہور زمانہ فون یعنی نوکیا این 900 متعارف کرایا لیکن مائیمو پر مزید ترقی ہوتی نظر نہیں آ رہی اور اب نوکیا انٹیل کے ساتھ مل کر میگو پر کا م کر رہا ہے۔ افسوس کی بات یہ کہ نوکیا کے نئے فون واپس سیمبین (یعنی سیمبین 3) پر ہی دکھائی دے رہے ہیں اور دوسری طرف میگو بھی غالباً صرف انٹل پراسسر چلائے گا، جو یقیناً لینکس کے فلسفے کے خلاف ہے۔
بہرحال بات ہو رہی تھی گوگل کی پشت پناہی سے چلنے والے اینڈرائد نظام کی۔ پچھلے ہفتے ایک دوست کو فون خریدنے کی ضرورت پڑی تو میرے مشورے سے انھوں نے انڈرائڈ پر چلنے والے ایک فون کا انتخاب کیا۔ فی الحال تو وہ صاحب کافی خوش اور مطمئن ہیں، لیکن دوسری طرف میرے پاپی من میں بھی انڈرائڈ آزمانے کی خواہش سوا ہو گئی۔ نیا فون خریدنا بیگم کے عتاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے چناچہ حل یہ نکلا ہے کہ انڈرائڈ نظام کو کمپیوٹر پر ہی چلا لیا ہے۔
اگر آپ بھی یہ تجربہ کرنا چاہتے ہیں تو سو بسم اللہ۔ کئی طریقے ہیں۔ مثلاً آپ انڈرائڈ ڈاؤنلوڈ کریں اور لائیو سی ڈی یا لائیو یو ایس بی بنا لیں، بالکل ایسے ہی جیسے آپ ابنٹو یا لینکس کی دیگر اقسام آزماتے ہیں۔ میں نے تو ورچوئل باکس میں چلا کر دیکھا ہے اور کافی مزا آیا ہے۔ ورچوئل باکس کی تفصیل پھر کبھی، مختصراً یہ کہ یہ ایسا سوفٹویر ہے جسکے استعمال سے آپ کسی ایک نظام (مثلاً ونڈوز) میں رہتے ہوئے دوسرا نظام (مثلاً لینکس) چلا سکتے ہیں۔ کچھ تصاویر حاضر خدمت ہیں (سُست رفتار انٹرنیٹ کے مالک خواتین و حضرات تصاویر کچھ وقفے سے ہی دیکھ پائیں گے):
بُوٹ ہوتے وقت:
سکرین، لاک شدہ حالت میں (تالے پر ماؤس کلک کر کے اوپر کی جانب دھکیلئے، لاک کُھل جائے گا):
مین/ ہوم سکرین (ایسی کئی سکرینز، دائیں بائیں اور اوپر نیچے، اور ان پر شارٹ کٹ بنائے جا سکتے ہیں):
اپلیکشنز مینیو:
میرا مائکروسوفٹ ایکسچینج ان باکس بہ آسانی سیٹ اپ ہو گیا، ای میل، کانٹیکس، کیلنڈر سب سینکرونائز ہو گئے:
آپکے فون کی معلومات:
ورڈ پریس پر میرا تصویری بلاگ (کس کس کو یہ آئی فون کا براؤزر لگ رہا ہے؟ ؛) )۔ اُردو کو بائیں سے دائیں دکھا رہا ہے (شُکر ہے تبصروں کی تعداد نہیں دکھا رہا، ورنہ شرمندگی ہی ہوتی):
فلکر پر میرا صفحہ۔ تقریباً ٹھیک ہے، سوائے اردو کے:
کوشش کیجیے، آپکے نتائج کا انتظار رہیگا۔
10 comments